مقبوضہ بیت المقدس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) صہیونی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس سے تعلق رکھنے والے پانچ فلسطینی شہریوں کے قبلہ اوّل میں داخلے پر پابندی عائد کی ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق فلسطینی شہریوں کے ایک گروپ پر یہ پابندی یہودی کے مذہبی تہوار ’ایسٹر‘ کی شام عائد کی گئی۔صہیونی انتظامیہ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ پانچ فلسطینی شہریوں جن میں دو فلسطینی محکمہ اوقاف کے ملازم طارق الھشلمون اور حمزہ النمربھی شامل ہیں پر چھ ماہ کے لیے مسجد اقصیٰ میں داخلے پر پابند عائد کی ہے۔
بیت المقدس میں فلسطینی اسیران کے اہل خانہ پرمشتمل کمیٹی کے چیئرمین امجد ابو عصب نے بتایا کہ صہیونی انتظامیہ نے پانچ شہریوں خالد الزیر پر تین ماہ، جمیل عباسی پر چار ماہ اور فلسطینی محکمہ اوقاف کے دوملازمین پر چھ چھ ماہ کے لیے قبلہ اوّل میں داخلے پر پابندی عائد کی ہے۔
امجد ابوعصب نے فلسطینی شہریوں کے قبلہ اوّل میں نماز کے لیے آنے پر پابندی کو مذہبی امور میں کھلی مداخلت قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ایک طرف انتہا پسند صہیونیوں کو مسجد اقصیٰ میں داخل ہونے اور مقدس مقام کی بے حرمتی کی کھلی اجازت ہے اور دوسری طرف فلسطینی مسلمانوں پرقبلہ اوّل میں نماز کی ادائیگی پر بھی پابندیاں عائد کی جاتی ہیں۔