سلفیت – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) صہیونی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر سلفیت میں صہیونی آباد کاروں کے لیے گھروں اور ایک کالج کی تعمیر کی آڑ میں دسیوں دونم فلسطینی اراضی غصب کرنے کا منصوبہ تیار کیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق تجزیہ نگار اور صہیونی توسیع پسندی کے امور کے ماہر خالد معالی نے بتایا کہ اسرائیلی سول انتظامیہ کے ماتحت سپریم کمیٹی برائے تعمیرو مرمت نے شمالی شہر سلفیت میں ’الکانا‘ نامی صہیونی کالونی میں ایک ٹیکنیکل کالج اورمکانات کی تعمیر کے لیے فلسطینی اراضی پر قبضے کا اعلان کیا ہے۔معالی نے کہا کہ صہیونی انتظامیہ ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت فلسطینیوں کی زرعی اراضی کی کھدائی کرکے اسے صہیونی آباد کاری اور توسیع پسندی کے مقاصد کے لیے استعمال کررہی ہے۔
عالمی ماہر قانون نے بتایا کہ صہیونی ریاست غرب اردن کے جس قطعہ اراضی پرقبضے کی منصوبہ بندی کررہی ہے وہ دیوار فاصل کی دوسری جانب ہے۔ اس علاقے میں کسی قسم کی توسیع پسندی کو بین الاقوامی فوج داری عدالت اور جنیوا معاہدوں میں خلاف قانون قرار دیا جا چکا ہے۔