مقبوضہ مغربی کنارا – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف شہروں میں رات گئے اسرائیلی فوج نے فلسطینی شہریوں کے خلاف سرچ آپریشن کے دوران سات فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا ہے۔ گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں کے دوران گھروں میں بڑے پیمانے پر لوٹ مار کی گئی ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق غرب اردن میں گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں کے دوران صہیونی فورسز نے بری مقدار میں نقد رقوم اور طلائی زیورات لوٹ لیے ہیں۔ صہیونی فورسز نے دعویٰ کیا ہے کہ قبضے میں لی گئی رقوم اسرائیلی فوج کے خلاف مزاحمتی مقاصد کے لیے استعمال کی جا رہی تھی۔صہیونی فورسز کا کہنا ہے کہ ’یوم الارض‘ کے موقع پر پرتشدد مظاہرے کرنے اور سیکیورٹی اہلکاروں پر سنگ باری کرنے کے الزام میں دیر استیا سے ایم، قلندیا سے دو Â اور رام اللہ کے نواحی علاقے سلواد سے چار فلسطینیوں کو حراست میں لے کرنامعلوم مقام پر منتقل کیا گیا ہے۔
ان فلسطینیوں کی گرفتاری کے ساتھ ساتھ گھروں میں موجود نقدی اور بھاری مقدار میں طلائی زیورات بھی قبضے میں لے لیے گئے ہیں۔
جمعہ کو علی الصباح اسرائیلی فوج نے غرب ارن کے شمالی شہر جنین میں یعبد کے مقام پر مقامی سماجی کارکن عدنان حمارشہ کے گھر پر بھی چھاپہ مارا اور گھر میں تلاشی کی آڑ میں رقوم اور طلائی زیورات لوٹ لیے۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج کی بھاری نفری نے رات تین بجے حمارشہ کے گھر کا محاصرہ کیا۔ اس سے تفتیش کے بعد گھرمیں موجود نقدی لوٹ لی۔
صہیونی فوج نے جنین اور دوسرے شہروں میں رات گئے فلسطینیوں کے گھروں پر چھاپے مارے اور وحشیانہ تشدد کیا۔
خیال رہے کہ عدنان حمارشہ متعدد مرتبہ ماضی میں بھی گرفتار کیے جا چکے ہیں۔ وہ چند ماہ قبل ہی اسرائیلی جیل سے رہا ہوئے تھے۔