بیت لحم – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) صہیونی فوج کی اسپیشل فورس کے اہلکاروں نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف شہروں میں چھاپوں کے دوران متعدد فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی اسپیشل فورس کے اہلکاروں نے غرب اردن کے جنوبی شہر بیت لحم میں ایک فلسطینی نوجوان کو تشدد کانشانہ بنانے کے بعد حراست میں لے لیا ہے۔رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج کے اہلکاروں بیت لحم میں تلاشی کی کارروائی کے دوران 34 سالہ فراس نواورۃ کو تشدد کے بعد حراست میں لے لیا۔ گرفتار فلسطینی نوجوان کے بھائی حسن نے بتایا کہ اسرائیلی فوج کی اسپیشل یونٹ کے اہلکاروں نے اس کے بھائی کواہل خانہ کے سامنے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا جس کے بعد اسے گاڑی میں ڈال کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا تھا۔
قبل ازیں صہیونی فوج اور فلسطینی شہریوں کے درمیان جھڑپیں ہوئی جس میں متعدد فلسطینی زخمی ہوگئے۔ اسرائیلی فوج نے فلسطینی شہریوں پر ہوائی فائرنگ کی، گیس کے گولے اور دھاتی گولیوں کا استعمال کیا۔