دبئی – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) عرب لیگ کے سکریٹری جنرل احمد ابو الغیط نے عندیہ دیا ہے کہ فلسطینی اتھارٹی رواں ماہ کے آخر میں اردن کے درالحکومت عَمّان میں ہونے والے عرب سربراہ اجلاس میں مسئلہ فلسطین کے حل کے واسطے ایک نیا منصوبہ پیش کرے گی جس میں تصفیے کے تحت "بعض نکات کی دوبارہ تشکیل” شامل ہوگی۔ روزنامہ الشرق الاوسط سے گفتگو کرتے ہوئے ابو الغیط نے بتایا کہ مصری صدر عبدالفتاح السیسی آئندہ ماہ کے اوائل میں ہونے والی مصری امریکی سربراہ ملاقات میں یہ منصوبہ واشنگٹن تک پہنچائیں گے۔
فلسطینی صدر کے مشیر برائے خارجہ امور نبیل شعث یہ واضح کر چکے ہیں کہ عرب سربراہ اجلاس میں اسرائیلی اور امریکی کوششوں کو زیر بحث لایا جائے گا جو فلسطینی اسرائیلی تنازع کے حل کے واسطے مجوزہ "عرب امن منصوبے” کو پلٹنے کے لیے کی جا رہی ہیں۔
نبیل شعث نے صہیونی بستیوں کی آبادکاری اور قبضے کو ختم کرنے کے لیے اسرائیل پر دباؤ اور فلسطینی موقف کی سپورٹ کے واسطے ایک واضح منصوبے کی ضرورت پر زور دیا۔