قلقیلیہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف شہروں میں جمعرات کے روز اسرائیلی فوج کے نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران ایک درجن فلسطینی شہریوں کو حراست میں لے لیا گیا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق صہیونی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف شہروں میں چھاپوں کے دوران شہریوں کو زدو کوب کیا۔ گھروں میں توڑپھوڑ کی اور قیمتی سامان جس میں نقدی اور زیورات شامل ہیں لوٹ لیے۔مقامی ذرائع کے مطابق جمعرات کو علی الصباح اسرائیلی فوج نے شمالی شہر قلقیلیہ میں گھر گھر تلاشی کے دوران سات فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔
ہمارے نامہ نگار کے مراسلے کے مطابق قلقیلیہ کے نواحی علاقے مشاتل السبع میں متمرکز اسرائیلی فوج کی کوئی 20 گاڑیوں نے شہری آبادیوں میں داخل ہو کر فلسطینیوں کو زدو کوب کیا۔
رپورٹ کے مطابق صہیونی فوج کی گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں کے خلاف فلسطینی شہریوں نے احتجاجی مظاہرے کیے۔ صہیونی فوج نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ان پر لاٹھی چارج کیا۔ صہپیونی فوج کی طرف سے فلسطینی شہریوں پر آنسوگیس کی اندھا شیلنگ کی گئی جس کے نتیجے میں کئی فلسطینی دم گھٹنے سے متاثر ہوئے ہیں۔
اسرائیلی فوج نے سابق فلسطینی اسیر تحسین العدل کو اس کے گھر سے حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔ گرفتار کیے گئے دیگر فلسطینیوں کی شناخت فراس ابو علبہ، ایک ہی خاندان کے تین افراد ولید ، حمزہ اور وسیم الحوتری، ایمن رفیق آشتیوی اور نادر عامر کے ناموں سے کی گئی ہے۔
ادھر عزون قصبے میں اسرائیلی فوج کی گھر گھر تلاشی کی مہم کے دوران فلسطینی شہریوں کی گاڑیوں کی بھی تلاشی لی گئی۔
نابلس شہر میں جمعرات کو علی الصباح اسرائیلی فوج کی چھاپہ مارکارروائیوں کے دوران المعاجین کالونی سے برا ابو نواس، مشرقی نابلس میں بیت فوریک سے بشار عبدالحفیظ ملیطات اور یوسف الشلبی کو حراست میں لیا گیا ہے۔