غزہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) آئرلینڈ سے تعلق رکھنے والے فلسطینیوں کے حقوق کے حامی اور معروف سماجی و انسانی حقوق کارکن مارٹن میک گینیس انتقال کرگئے۔ ان کی وفات پر فلسطینی تعلقات عامہ کونسل نے گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق فلسطینی تعلقات عامہ کونسل کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ فلسطینی قوم کو اپنے ایک دیرینہ حامی آئرش سماجی کارکن مارتن میک گینیس کی وفات پر بہت صدمہ پہنچا ہے۔ انہوں نے اپنی پوری زندگی فلسطینیوں کے حقوق کی حمایت اور فلسطینیوں کو انصاف فراہم کرنے کے مطالبات میں گذاری۔بیان میں کہا گیا ہے کہ میک گینیس شمالی آئرلینڈ کی ایک جانی پہچانی سیاسی شخصیت تھے۔ انہوں نے اپنے ملک اور دنیا کے مختلف فورمز پر فلسطینیوں کے منصفانہ حقوق کی حمایت کی۔ انہوں نے آئرش قوم کے حقوق کے لیے بھی ان تھک جدو جہد کرکے قوم کے ہیرو کا درجہ حاصل کرلیا تھا۔
فلسطینی تعلقات عامہ کونسل نے آنجہانی میک گینیس کے اہل خانہ،ان کی سیاسی جماعت ’شین وین‘ اور پوری آئرش قوم سے ان کے لیڈر کی وفات پر تعزیت کی ہے۔