نیو یارک – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اقوام متحدہ کے ادارہ اسکوا کی مستعفی سیکریٹری ریما خلف نے کہا ہے کہ یہ بات واضح تھی کہ صیہونی حکومت اور اس کے اتحادی ممالک، اسرائیل کے نسل پرستانہ ہونے کے بارے میں رپورٹ جاری کئے جانے کی اجازت نہیں دیں گے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اقوام متحدہ کے ادارہ، ای ایس سی ڈبلیو اے سے موسوم مغربی ایشیا کے لئے اقوام متحدہ سماجی و اقتصادی کمیشن کی مستعفی سربراہ ریما خلف نے جمعے کے روز کہا ہے کہ صیہونی حکومت کے خلاف رپورٹ کو واپس لینے کے لئے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوٹریش پر دباؤ اور ان کو دی جانے والی دھمکیاں کسی سے ڈھکی چھپی بات نہیں ہے۔انھوں نے کہا کہ اس بات کی امید کی جا رہی تھی کہ صیہونی حکومت اور اس کے اتحادی ممالک، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل پر دباؤ ڈالیں گے تاکہ اسکوا کی رپورٹ کو واپس لیا جائے۔
قابل ذکر ہے کہ المیادین ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے ادارہ ای ایس سی ڈبلیو اے سے موسوم مغربی ایشیا کے لئے اقوام متحدہ سماجی و اقتصادی کمیشن کی سیکریٹری ریما خلف، اپنی ویب سائٹ سے صیہونی حکومت کے خلاف تیار کی جانے والی رپورٹ ہٹانے کے لئے صیہونیوں کے دباؤ اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی اپیل پر جمعے کے روز اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئیں۔
اس رپورٹ میں صیہونی حکومت کونسل پرست حکومت قرار دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اقوام متحدہ کے اس ادارے کی جانب سے اس سے قبل صیہونی حکومت کے خلاف کبھی اس قسم کا الزام عائد نہیں کیا گیا تھا اور یہ پہلی بار ہے کہ اس غاصب حکومت پر اس طرح کا الزام لگایا گیا ہے۔