مقبوضہ بیت المقدس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) بیت المقدس کی عرب کالونیوں میں فلسطینی شہری آبادی کے اسکولوں پر اسرائیلی نصاب تعلیم مسلط کرنے اور دیگر ظالمانہ اقدامات کے خلاف تعلیمی اداروں نے کل منگل کو بہ طور احتجاج ہڑتال کی اور اسکول بند رکھے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق مشرقی بیت المقدس کے فلسطینی اسکولوں کی انتظامی کمیٹی اور طلباء کے والدین اور سرپرست حضرات کی طرف سے صہیونی ریاست کے فیصلوں اور اقدامات کو مسترد کردیا گیا۔ عرب کمیونٹی کے اسکولوں میں اسرائیلی ریاست کا تیار کردہ نصاب مسلط کرنے کی سازشوں کومسترد کردیا۔مقامی اسکول انتظامیہ کا کہنا ہے کہ صہیونی ریاست ایک سازش کے تحت فلسطینی اسکولوں کے نصاب اور تعلیمی نظام میں مداخلت کرکے نئی فلسطینی نسل کے ذہن تباہ کرنے کی سازش کررہا ہے۔ مگر فلسطینی قوم تعلیمی نصاب کی آڑ میں نئی نسل کو گمراہ کرنے کی صہیونی ریشہ دوانیوں کو کامیاب نہیں ہونے دے گی۔
کل منگل کو مشرقی بیت المقدس کے 90 فی صد تعلیمی اداروں نے صہیونی ریاست کی مداخلت کے خلاف بہ طور احتجاج تعلیمی سرگریاں معطل رکھیں۔