غزہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی فوج نے فلسطین کے علاقوں غزہ کی پٹی اور غرب اردن کے درمیان آمد ورفت کے لیے استعمال ہونے والی کرم ابو سالم گذرگاہ کو 12 مارچ کو ہرطرح کی آمد ورفت کے لیے بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق کرم ابو سالم گذرگاہ کے ڈائریکٹر کیپٹن منیر الغلبان نے بتایا کہ اسرائیلی حکام نے گذرگاہ پر کام کرنے والی کمپنیوں کو بتایا ہے کہ 12 مارچ بہ روز اتوار غزہ اور غرب اردن کے درمیان آمد روفت بند رہے گی۔انہوں نے کہا کہ صہیونی ریاست نے غزہ اور غرب اردن کےدرمیان سرحد کو یہودی مذہبی تہوار کی آڑ مین سیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
الغلبان نے بتایا کہ کرم ابو سالم گذرگاہ کو جمعہ کے روز عارضی طور پرکھولا جائے گا۔
خیال رہے کہ کرم ابوسالم غزہ اور غرب اردن کے درمیان رابطے کے لیے استعمال ہونے والی سب سے اہم گذرگاہ ہے۔ یہ گذرگاہ غزہ اور غرب اردن میں سامان کی ترسیل کے لیے استعمال کی جاتی ہے۔
