غزہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) غزہ کی پٹی سے فائر کیا گیا ایک راکٹ یا مارٹر سوموار کو علی الصباح اسرائیل کے جنوبی علاقے میں جا گرا ہے لیکن اس سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’غزہ کی پٹی سے فائر کیا گیا یہ راکٹ ایک کھلی جگہ میں گرا ہے اور اس سے کوئی شخص زخمی نہیں ہوا ہے‘‘۔ اسرائیلی سکیورٹی فورسز نے جس جگہ راکٹ گرا ہے،اس کی مکمل تلاشی لی ہے اور اس کے ٹکڑے اکٹھے کر لیے ہیں۔اس ماہ کے اوائل میں اسرائیلی فوج نے ایک راکٹ حملے کے جواب میں غزہ پر فضائی حملے کیے تھے اور ٹینک سے گولہ باری کی تھی جس سے تین فلسطینی زخمی ہو گئے تھے۔
اسرائیل کے انتہاپسند وزیر دفاع ایویگڈور لائبرمین نے 16 فروری کو غزہ کی حکمراں جماعت حماس کو خبردار کیا تھا کہ اگر مستقبل میں فلسطینی علاقے کی جانب سے کوئی اشتعال انگیزی ہوئی تو اس کا سخت جواب دیا جائے گا۔