مقبوضہ بیت المقدس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو نے غزہ کی پٹی کے علاقے میں عالمی امن فوج کی تعیناتی کی تجویز پیش کی ہے۔ اسرائیلی وزیراعظم کی طرف سے یہ تجویز پہلی بار سامنے آئی ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیل کے عبرانی ٹی وی 2 کے مطابق وزیراعظم نے اتوار کو آسٹریلیا کے وزیرخارجہ جولی بیشوپ سے ملاقات کے بعد ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ غزہ کی پٹی میں عالمی امن فوج کی تعیناتی سے غزہ کی سیکیورٹی کا مسئلہ حل ہوسکتا ہے۔ دونوں رہنماؤں میں مشرق وسطیٰ میں قیام امن اور دیگر مسائل پربھی تفصیلی بات چیت کی۔ اطلاعات کے مطابق وزیراعظم یاھو نے فلسطینی اتھارٹی کی طرف سے صہیونی ریاست کے خلاف ہیگ میں قائم عالمی فوج داری عدالت سے رجوع کرنے کے خدشات کا بھی اظہار کیا گیا۔اس موقع پرنیتن یاھو کا کہنا تھا کہ وہ مشروط طور پر فلسطینی ریاست کے قیام کے حامی ہیں مگر اس کے لیے بنیادی شرط ہے۔ وہ یہ کہ غرب اردن کے تمام علاقوں کا سیکیورٹی کنٹرول اسرائیل کے پاس ہی رہے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ غزہ کی پٹی کا سیکیورٹی کنٹرول عالمی امن فوج کے حوالے کردیا جائے۔