تہران – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ نے فلسطینی قوم سے یکجہتی اور تحریک آزادی کی حمایت کرنے والی قوتوں پر زور دیا ہے کہ وہ غزہ کی پٹی کو تحریک آزادی اور مزاحمت کا ’بیس کیمپ‘ بنانے میں بھرپور مدد فراہم کریں۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق ایران کے دارالحکومت تہران میں منعقدہ چھٹی عالمی تحریک انتفاضہ کانفرنس کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے حماس کے سیاسی شعبے کے سینیر رکن اسامہ حمدان نے کہا کہ فلسطین کا ایک خطہ ایسا ہونا چاہیے جسے تحریک آزادی کے بیس کیمپ کا درجہ حاصل ہو۔ انہوں نے فلسطینی قوم کے درمیان اتحاد اور اتفاق کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ غرب اردن اور بیت المقدس میں صہیونی توسیع پسندی کے سونامی ما مقابلہ قومی اتحاد سے ممکن ہے۔انہوں نے عالمی برادری بالخصوص مسلمان ممالک پر زور دیا کہ وہ فلسطینی قوم کے بنیادی حقوق کے حصول کے لیے فلسطینی قوم کی مالی، مادی اور معنوی مدد کریں۔ فلسطینی قوم کو غاصب دشمن کی جارحیت کے مقابلے کے لیے اسلحہ فراہم کیا جائے۔
تہران میں منعقدہ چھٹی انتفاضہ کانفرنس سے 80 ممالک کے مندوبین نے خطاب کیا۔ عالمی رہنماؤں کی جانب سے کانفرنس کے اختتام پر منظورکی گئی قراردادوں میں فلسطینوں کے حق خود ارادیت کی حمایت کا مطالبہ کیا گیا۔ قرادادوں عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ فلسطینیوں کے سلب شدہ حقوق کے حصول میں ان کی مدد کریں اور اسرائیل کی توسیع پسندانہ سرگرمیوں کو روکیں۔