مقبوضہ بیت المقدس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ صہیونی فوجیوں کی بھاری تعداد نے مقبوضہ بیت المقدس کے شمال مشرقی قصبے ’العیساویہ‘ پر دھاوا بولا اور مقامی فلسطینی آبادی کو زدو کوب کرنے کے ساتھ ساتھ گھروں میں گھس کر لوٹ مار کی اور قیمتی سامان کی توڑپھوڑ کی گئی۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اتوار اور سوموار کی درمیانی شب 200 صہیونی فوجی کلاشنکوفیں تھامیں العیساویہ قصبے میں داخل ہوئے اور سوئے ہوئے شہریوں کے گھروں میں داخل ہوکر خواتین، بچوں اور مردوں کو ہراساں کیا۔ تلاشی کی آڑ میں قیمتی سامان کی توڑپھوڑ کی اور نقدی وزیورات لوٹ لیے۔’قدس پریس‘ نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ 200 اسرائیلی فوجیوں نے العیساویہ کے تمام داخلی دروازوں سے دھاوا بولا۔ اسرائیلی فوجیوں کے ساتھ دھاوے بولنے والوں میں اسرائیلی داخلی سلامتی کے خفیہ ادارے‘شاباک‘ کے اہلکار بھی موجود تھے۔
صہیونی فوجیوں نے شہریوں کو خوف زدہ کرنے کے لیے تفتیشی کتوں کی مدد سے گھروں میں گھس کر تلاشی لی۔
صہیونی فوج کے وحشیانہ دھاووں کے خلاف مقامی فلسطینی آبادی نے احتجاج مظاہرہ کیا اور قابض فوجیوں پر سنگ باری کی۔ جواب میں صہیونی فوج نے فلسطینی شہریوں پر صوتی بم، آنسوگیس کی شیلنگ اور لاٹھی چارج کیا جس کے نتیجے میں متعدد شہری زخمی ہوگئے۔