رام اللہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی فورسز کی جانب سے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس میں فلسطینیوں کے خلاف ظالمانہ کریک ڈاؤن مہم جاری ہے۔ پکڑ دھکڑ کی تازہ کارروائیوں میں متعدد فلسطینیوں کو جراست میں لے لیا گیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی فوج کی طرف سے گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں میں خواتین اور بچوں کو ہراساں کیا گیا۔ قیمتی سامان کی توڑپھوڑ کی گئی اور طلائی زیورات اور نقدی لوٹ لی۔اتوار کو علی الصباح بیت لحم اور الخلیل میں اسرائیلی فوج کی گھر گھر تلاشی کی مہم کے دوران تین فلسطینیوں کو حراست میں لیا گیا۔
اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ الخلیل اور بیت لحم سے گرفتار فلسطینی یہودی آباد کاروں اور فوج پر حملوں میں ملوث تھے اور انہیں سیکیورٹی ادارے تلاش کررہے تھے۔
اسرائیلی فوج نے مغربی بیت لحم میں تقوع کے مقام پراسرائیلی فوج نے چھاپے مارے اور وہاں سے محمود یوسف العمور اور عکرمہ عوداللہ المعور کو حراست میں لے لیا جب کہ ایک شہری کو الخلیل شہر کے بیت امر قصبے سے گرفتار کیاگیا۔
بیت امر سے حراست میں لیے گئے فلطسینی کی شناخت جمیل عوض کے نام سے کی گئی ہے جس کے ہاتھ پشت پر باندھ کر اس کی آنکھوں پر پٹی باندھی گئی اور اسے کسی نامعلوم مقام پر منتقل کیا گیا ہے۔