بیروت – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) لبنان میں متعین قطر کے سفیر نے گذشتہ روز اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے مندوب علی برکہ سے ملاقات کی۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق حماس کے مندوب علی برکہ کی قیادت میں جماعت کے وفد نے بیروت میں قطری سفارت خانے میں Â قطر کے سفیر علی بن حمد المری سے ملاقات کی۔ملاقات میں فلسطین کی تازہ ترین صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
حماس کے مندوب نے قطری سفیر کو فلسطین کی موجودہ صورت حال، یہودی آباد کاری، غزہ کی پٹی پر مسلط کی گئی ناکہ بندی اور فلسطینی قوم کے خلاف اسرائیل کی ریاستی دہشت گردی کے بارے میں بریفنگ دی۔ اس کے علاوہ دونوں رہنماؤں میں فلسطینی پناہ گزینوں کے مسائل اور ان کے حل پربھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
حماس نے مملکت قطر اور قطری حکومت کی طرف سے فلسطینی قوم کے لیے ہرممکن امداد جاری رکھنے اور عالمی اداروں میں فلسطینی قوم کے حقوق کے لیے ہونے والی سفارتی اور سیاسی کوششوں میں فلسطینیوں کا ساتھ دینے پر دوحہ کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر قطری سفیر نے فلسطینی دھڑوں کے درمیان مفاہمت کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی قوم کو اپنے حقوق کے حصول کے لیے اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق پیدا کرنا ہوگا۔