غزہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ نے اخبارات میں شائع ہونے والی بعض خبروں کو من گھڑت اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایک مخصوص لابی حماس اور مصر کےدرمیان فاصلے پیدا کرنے کے لیے جھوٹی افواہیں پھیلا رہی ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق حماس کے ترجمان فوزی برھوم نے ایک بیان میں کہا کہ بعض مقامی اور مصری ذرائع ابلاغ نے افواہیں پھیلانا شروع کی ہیں جن میں حماس اور مصر کے درمیان فاصلوں کی جعلی خبریں پھیلائی جا رہی ہیں۔ترجمان نے کہا کہ حماس اور مصرکے درمیان اختلافات کو کم کرنے کے لیے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہے گا مگر بعض عناصر اورگروپوں کو حماس اور مصر کے درمیان قربت برداشت نہیں ہے۔ وہ افواہیں پھیلا کر حماس اور مصر کے درمیان شکوک وشبہات کے بیج بونے کی مذموم کوششیں کررہے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ اخباری بیانات میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اخبارات میں یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ حماس نے قاہرہ میں فتح کی قیادت سے ملاقات سے انکار کردیا تھا۔ حالانکہ اس طرح کی تمام افواہیں من گھڑت اور بے بنیاد ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’سما‘ نیوز ایجنسی اور اخبار’رایئ الیوم‘ کی وہ رپورٹس بے بنیاد ہیں جن میں حماس پر الزام تراشی کی کوشش کی گئی اور حماس اور مصر کے درمیان فاصلے بڑھانے کی سازشیں کی گئی ہیں۔
فوزی برھوم نے فلسطینی قوم پر زور دیا کہ وہ بے بنیاد اور منفی پروپیگنڈے میں نہ آئیں اور افواہوں پر کان نہ دھریں۔