الخلیل – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) صہیونی ریاست کی جانب سے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے میں یہودی آباد کاروں کے لیے مکانات کی تعمیر کے ساتھ ساتھ یہودی کالونیوں کے گرد دیوار فاصل کی تعمیر کا سلسلہ بھی جاری رکھے ہوئے ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیل کے عبرانی نیوز ویب پورتل ’’وللا‘‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ حکومت الخلیل شہر کے جنوبی حصے میں 42 کلو میٹر طویل دیوار تعمیر کرنا چاہتی ہے۔ یہ دیوار یہودی کالونیوں کے گرد تعمیر کی جائے گی۔رپورٹ کے مطابق دیوار فاصل کا یہ حصہ مغربی الخلیل کے ترقومیا قصبے سے شروع ہوکر Â جنوبی الخلیل میں جبل الخلیل میں ’میتر‘ گذرگاہ تک بیالیس Â کلو میٹر دیوار تعمیر کی جائے گی۔ دیوار کا 10 کلو میٹر کا ٹکڑا الخلیل گورنری کے جنوبی حصے میں تعمیر کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ صہیونی ریاست نے الخلیل شہر میں دیوار فاصل کی تعمیر کا سلسلہ 16 جون 2002ء کو شروع کیا تھا۔ یہ دیوار اب تک غرب اردن کے کئی شہروں میں تعمیر کی جاچکی ہے۔ اس کی اوسط اونچائی ساڑھے چار سے نو میٹر تک کے درمیان ہے۔
نو جولائی 2004ء کو بین الاقوامی فوج داری عدالت نے غرب اردن میں اسرائیل کی قائم کردہ دیوار کو غیرقانونی قرار دے کر اسے فوری طورپر مسمار کرنے کا حکم دیا تھا۔ مگر صہیونی ریاست اپنی ہٹ دھرمی اور ڈھٹائی پر بدستورقائم رہی۔ سنہ 2006ء میں صہیونی ریاست نے فوج کی مدد سے 402 کلو میٹر طویل دیوار تعمیر کرلی تھی۔