نابلس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر نابلس میں یہودی مذہبی پیشواؤں کی قیادت میں سیکڑوں یہودی آباد کاروں نے مقدس مقامات پر دھاوے بولے اور تلمودی تعلیمات کے مطابق مذہبی رسومات ادا کیں۔ اس موقع پر اسرائیلی فوج نے یہودی آباد کاروں کو فول پروف سیکیورٹی مہیا کر رکھی تھی۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق ’عورتا‘ قصبے کے ایک مقامی فلسطینی شہری علی لولح نے بتایا کہ اسرائیلی فوج کی سیکیورٹی میں یہودی آباد کاروں کی بڑی تعداد رات گئے حوارہ چوک میں جمع ہوئی جس کے بعد یہ تمام یہودی آباد کار 10 بسوں پر سوار ہو کر عورتا پہنچے جہاں انہوں نے آج جمعہ کے روز مذہبی رسومات ادا کیں۔لولح نے بتایا کہ صہیونی فوجیوں کی سیکیورٹی میں بڑی تعداد میں یہودی آباد کار العزیز اور البسعین فلسطینی بستیوں میں داخل ہوئے اور وہاں پرموجود مذہبی مقامات میں گھس کر مذہبی رسومات ادا کیں۔
مقامی فلسطینی سماجی کارکن اور محقق عبدالسلام عواد نے کہا کہ صہیونی آباد کاروں کی جانب سے حالیہ ایام میں مذہبی مقامات پر دھاووں میں اضافہ ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہودی آباد کار آئے روز عورتا میں مقدس مقامات کی بے حرمتی کرتے ہیں۔ اس موقع پر یہودی مذہبی پیشوا انہیں مذہبی رسومات کی تعلیم دیتے اور اسرائیلی فوج سیکیورٹی مہیا کرتی ہے۔