مقبوضہ بیت المقدس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے وسطی شہر رام اللہ کے قریب سے عدالت کے حکم پرخالی کرائی جانے والی یہودی کالونی’عمونا‘ کے آباد کاروں کے لیے ایک نئی کالونی تعمیر کرنے کی ہدایت کی ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق گذشتہ روز اسرائیلی کابینہ کے اجلاس کے دوران وزیراعظم نیتن یاھو نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ ’عمونا‘ یہودی کالونی کے آباد کاروں کے لیے متبادل کالونی تعمیرکریں اوران کے لیے بہترین مکانات تعمیرکیے جائیں۔خیال رہے کہ ’عمونا‘ کالونی فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے وسطی شہر رام اللہ میں فلسطینیوں کی نجی ملکیتی اراضی پر تعمیر کی گئی ہے اور اسرائیلی سپریم کورٹ نے اس کالونی کو خالی کرنے اور اس کی اراضی اس کے فلسطینی مالکان کو دینے کا حکم دے رکھا ہے۔
اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاھونے ڈیڑھ ماہ قبل عمونا کالونی کے آباد کاروں سے وعدہ کیا تھا کہ وہ ان کے لیے فلسطین ہی میں متبادل کالونی تعمیر کریں گے اور عمونا کالونی کو خالی کرنے کے بعد انہیں وہاں منتقل کیاجائے گا۔
ادھر اسرائیلی ریڈیو کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حکومت نے عمونا کالونی کے 28 مکانات میں آباد کیے گئے 200 سے 300 آباد کاروں کو متبادل مکانات میں منتقل کرنے کی تیاری کی گئی ہے۔ پولیس اس حوالے سے یہودیوں کی منتقلی کے آپریشن میں تعاون کی تیاری کررہی ہے۔