غزہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطینی اتھارٹی کی وفادار وزیراعظم رامی الحمد اللہ کی حکومت نے فلسطین میں 13 مئی کو بلدیاتی انتخات کرانےکا اعلان کیا ہے۔ دوسری جانب فلسطینی کی سب سے بڑی مذہبی سیاسی جماعت اسلامی تحریک مزاحمت ‘حماس‘ نے انتخابات کے انعقاد کے اعلان کو مسترد کر دیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق حماس کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم رامی الحمد اللہ کی طرف سے کسی صلاح مشورے کے بغیر بلدیاتی انتخابات کرانے کا اعلان باطل ہے اور حماس سمیت فلسطین کی دوسری قوتیں فلسطینی اتھارٹی کے اس اقدام کو قبول نہیں کریں گی۔حماس کے ترجمان فوزی برھوم نے ایک بیان میں کہا کہ وزیراعظم رامی الحمد اللہ کا تیرہ مئی کو بلدیاتی انتخابات کرانے کا اعلان باطل اور آمرانہ فیصلہ ہے جسے کسی صورت میں قبول نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ فلسطینی اتھارٹی نے مرضی کا فیصلہ کرکے فلسطین میں آمرانہ سوچ کو تقویت دی اور تحریک فتح کو سیاسی فائدہ پہنچانے کی کوشش کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حماس فلسطینی حکومت کے بلدیاتی انتخابات کے فیصلے کو قبول نہیں کرے گی کیونکہ اس فیصلے نے قوم میں وحدت اور یکجہتی کی تمام مساعی کو نقصان پہنچایا ہے۔
خیال رہے کہ فلسطینی اتھارٹی کی جانب سے دو روز قبل فلسطین میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا اعلان کیا گیا تھا۔ گذشتہ برس بھی فلسطینی اتھارٹی نے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کا اعلان کیا تھا مگر حماس کی عوامی مقبولیت اور تحریک فتح کی سیاسی ساکھ کی گراوٹ کے بعد بلدیاتی انتخابات کا انعقاد روک دیا گیا تھا۔