غزہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطینی وزارت داخلہ کے حکام کا کہنا ہے کہ مصری حکام نے انہیں اطلاع دی ہے کہ غزہ کی بین الاقوامی گذرگاہ ’رفح‘ کو آئندہ ہفتے دو طرفہ آمد و رفت کے لیے تین روز تک کھلا رکھا جائے گا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق غزہ بارڈر امور کے حکام کا کہنا ہے کہ مصری حکام کی طرف سے انہیں باضابطہ طور پرآگاہ کیا گیا ہے کہ رفح گذرگاہ کو کل ہفتے، اتوار اور سوموار کے ایام میں دو طرفہ آمد ورفت کے لیے کھولا جائے گا۔فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ غزہ کی پٹی سے بیرون ملک سفر کرنے والے شہریوں کی تفصیلات جلد ہی ویب سائیٹ پرجاری کردی جائیں گی۔ وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ اس کے ہاں غزہ سے باہر سفرکے خواہش مند 16 ہزار فلسطینیوں نے اپنی رجسٹریشن کرا رکھی ہے۔
رواں سال میں یہ پہلا موقع ہے جب رفح گذرگاہ کو دو طرفہ ٹریفک کے لیے کھولنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ رفح گذرگاہ کو کھولنے کا یہ وقفہ 40 روز بعد آیا ہے۔
خیال رہے کہ رفح گذرگاہ غزہ کی پٹی کی بین الاقوامی دنیا سے رابطے کا واحد ذریعہ ہے مگر جولائی 2013ء کو مصرمیں منتخب حکومت کا تختہ الٹے جانے کے بعد غزہ کی یہ گذرگاہ بھی زیادہ تر بند رہتی ہے جس کے نتیجے میں اہالیان غزہ کو سفری مسائل کے ساتھ ساتھ اقتصادی اور معاشی مشکلات بھی درپیش ہیں۔