برلن – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس شہر میں اسرائیل کی جانب سے 566 مکانات کی تعمیر کے اعلان پر عالمی سطح پر شدید رد عمل سامنے آیا ہے۔ جرمن وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ بیت المقدس میں ساڑھے پانچ سو سے زائد مکانات کی تعمیر کا اسرائیلی اعلان بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی اور کھلم کھلا توہین ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق جرمن وزارت خارجہ کی جانب سےجاری کردہ ایک بیان میں بیت المقدس میں اسرائیلی بلدیہ کی جانب سے یہودی کالونیوں میں توسیع کے حالیہ اعلان کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے عالمی قوانین کی توہین قرار دیا۔
بیان میں اسرائیلی حکومت پر زور دیا گیا ہے کہ وہ بیت المقدس اور دوسرے فلسطینی علاقوں میں غیرقانونی یہودی آباد کاری پر توجہ دینے کے بجائے فلسطینی Â قیادت کے ساتھ امن بات چیت شروع کرے تاکہ تنازع فلسطین کے دو ریاستی حل کو عمل شکل دینے میں مدد ملے سکے۔
خیال رہے کہ حال ہی میں اسرائیلی حکومت نے مقبوضہ بیت المقدس میں قائم تین کالونیوں میں مزید 566 نئے مکانات کی تعمیر کا اعلان کیا تھا۔