بیت المقدس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) سیکڑوں فلسطینوں نے بیت المقدس میں مظاہرہ کر کے فلسطینیوں کے خلاف صیہونی جرائم کا سلسلہ فوری طور پر روکے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق انیس سو اڑتالیس کے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں رہائش پذیرسیکڑوں فلسطینیوں نے بیت المقدس میں ہڑتال اور مظاہرہ کرکے ام الحیران دیہات کے فلسطینیوں کے مکانات گرائے جانے کے خلاف نعرے لگائے اور صیہونی فوجیوں کے اس اقدام کی شدید مذمت کی ۔صیہونی فوجیوں نے بدھ کو صحرائے نقب کے ام الحیران دیہات میں واقع فلسطینوں کےمکانات کو ڈھانے کی غرض سے اس دیہات پرحملہ کیا اور فلسطینی نوجوان یعقوب ابوالقیعان کو شہید کر دیا- اس موقع پر بہت سے فلسطینیوں نے اپنی گاڑیوں سے ٹریفک جام کردی اور مقبوضہ فلسطینی علاقوں کی اصلی سڑکوں پر فلسطینی جھنڈے گاڑ کر صیہونی پالیسیوں پر احتجاج کیا۔
اس سے پہلے بھی ہزاروں فلسطینیوں نے انیس سو اڑتالیس کے مقبوضہ علاقے میں واقع عرعرہ دیہات میں صیہونی فوجیوں کے ہاتھوں اپنے گھروں کے ڈھائے جانے اور فلسطینی شہریوں کے قتل عام کے خلاف احتجاج کیا تھا۔