عمان – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اردن کے وزیرخارجہ ایمن الصفدی نے ڈیووس میں عالمی اقتصادی فورم میں تقریرکرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ فلسطین کے لئے ہونے والے سنجیدہ مذاکرات میں ایک آزاد فلسطینی مملکت کے قیام کی ضمانت ملنی چاہئے جس کا دارالحکومت بیت المقدس ہو۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اردن کے وزیرخارجہ نے کہا کہ ایسا کوئی بھی اقدام جس سے مشرقی بیت المقدس کی عربی اور اسلامی ماہیت اور شناخت کو نقصان پہنچتا ہو عرب قوم اور امت اسلامیہ کے جذبات کے مجروح ہونے کا باعث بنے گا – ایک آزاد فلسطینی مملکت کے قیام پرجس کا دارالحکومت بیت المقدس ہو دنیا کے مختلف ملکوں کی جانب سے تاکید ایک ایسے وقت کی جا رہی ہے جب امریکا کے نو منتخب صدر ٹرمپ نے اپنی انتخابی مہم کے دوران کہا تھا کہ بیت المقدس کو صیہونی حکومت کا دارالحکومت قراردیں گے اور وہ امریکی سفارتخانہ تل ابیب سے بیت المقدس منتقل کردیں گے۔