پیرس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فرانس کے وزیر خارجہ نے امریکی سفارت خانے کی تل ابیب سے بیت المقدس منتقلی کی بابت سخت خبر دار کیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق فلسطینی اتھارٹی اور اسرائیل کے درمیان مذاکرات کے بارے میں پیرس کانفرنس کے آغاز کے موقع پر اپنے ایک انٹرویو میں جان مارک ایرو نے کہا ہے کہ امریکی سفارت خانے کی بیت المقدس منتقلی اشتعال انگیز ہے اور اس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔فرانسیسی وزیر خارجہ نے کہا کہ یہ پہلی بار نہیں ہے جب سفارت خانے کی منتقلی کے معاملے کو کسی امریکی صدر نے اپنے ایجنڈے میں شامل کیا ہے تاہم ان کا کہنا تھا کہ وہ نہیں سمجھتے کہ ڈونلڈ ٹرمپ ایسا کر پائیں گے۔
قابل ذکر ہے کہ فلسطین کے بارے میں پیرس کانفرنس ، اتوار سے شروع ہو گئی ہے جس میں دنیا کے ستر ممالک اور عالمی اداروں کے نمائندے شرکت کر رہے ہیں۔
اس کانفرنس کا مقصد فلسطینی اتھارٹی اور اسرائیل کے درمیان نام نہاد امن مذاکرات کو دوبارہ شروع کرانا ہے۔
فلسطینی اتھارٹی اور اسرائیل کے درمیان نام نہاد امن مذاکرات اپریل سن دو ہزار چودہ میں صیہونی کالونیوں کی تعمیر اور فلسطینی قیدیوں کی معاملے پر تعطل کا شکار ہوگئے تھے۔