مقبوضہ بیت المقدس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) رواں سال کے آغاز پرصہیونی فوج کی طرف سے فلسطینی شہریوں کے گھروں پر دھاووں میں غیرمعمولی اضافہ سامنے آیا ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق رواں سال کےپہلے نو دنوں میں قابض صہیونی فوجیوں نے غرب اردن اور بیت المقدس میں شہریوں کے گھروں پر 185 بار دھاوے بولے، توڑپھوڑ کی اور درجنوں فلسطینیوں کو حراست میں لینے کے بعد تفتیشی مراکز منتقل کیا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق عبرانی اخبار’ہارٹز‘ کی رپورٹ کے مطابق غرب اردن کے شمالی شہر قلقیلیہ میں صہیونی فوج نے صرف ایک قصبے کفر قدوم میں 36 بار چھاپے مارے اور گھروں میں موجود خواتین اور بچوں کو زدو کوب کیا۔
جمعہ نامی فلسطینی خاندان کے گھر پر10 بار دھاوے بولے گئے۔ اس دوران صہیونی فوجیوں نے فلسطینی شہریوں کے گھروں میں تلاشی کی آڑ میں لوٹ مار کی اور ایک عمر رسیدہ فلسطینی خاتون جس کی عمر 80 سال تھی کو حراست میں لے لیا۔ گرفتاری کے بعد عمر رسیدہ فلسطینی خاتون اپنے ہوش وحواس کھو بیٹھی تھی۔