فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق گذشتہ روز قابض صہیونی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں نے مخلوف، عمید خدیجہ، آدم کمال، احمد خطیب، عرار، معرش اور مرعی نامی شہریوں کے مکانات کا محاصرہ کیا۔ بعد ازاں بلڈوزروں اور بھاری مشینری کی مدد سے ان کے نو مکانات مسمار کردیے۔
مقامی فلسطینی شہریوں کا کہنا ہے کہ اسرائیلی پولیس کی بھاری نفری نے فلسطینی شہریوں کے مکانات کوگھیرے میں لیا۔ اس دوران مکانات کے مالکان کو جاری کردہ نوٹس Â میں کہا گیا کہ مذکورہ مکانات مقامی فلسطینی انتظامیہ کی اجازت کے بغیر تعمیر کیے گئے تھے۔
ادھر قلنسوۃ میں فلسطینیوں کے مکانات کی مسماری کے خلاف کل شہریوں نے احتجاجی مظاہرے اور پہیہ جام ہڑتال کی۔ قلنسوۃ میں نکالی جانے والی ریلیوں میں مقامی فلسطینی شہریوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بلا جواز مکانات مسماری کی صہیونی پالیسی کا نوٹس لے اور انہیں اور ان کی املاک کو تحفظ دلائے۔