قلقیلیہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) صہیونی فوجیوں نے کل منگل کو فلسطین کے علاقے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر قلقیلیہ میں ایک عمر رسیدہ فلسطینی خاتون کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق مقامی فلسطینی سماجی کارکن مراد اشتیوی نے بتایا کہ صہیونی فوجیوں نے مشرقی قلقیلیہ میں کفر قدوم کے مقام پر ایک 80 سالہ فلسطینی خاتون کو تشدد کا نشانہ بنایا۔اشتیوی نے بتایا کہ صہیونی فوجیوں نے ماجد جمعہ نامی شہری کے گھر پر چھاپہ مارا اور گھر میں توڑپھوڑ کی۔ اس موقع پر صہیونی فوجیوں نے ماجد کی والدہ شفیقہ جمعہ کو تشدد کا نشانہ بنایا۔
انہوں نے بتایا کہ صہیونی فوجیوں نے کفر قدوم کی دیہی کونسل کے چیئرمین حمزہ جمعہ کے گھر پر بھی چھاپہ مارا اور ہفتہ وار احتجاجی مظاہروں میں حصہ لینے کی پاداش میں انہیں گرفتار کرنے کی بھی دھمکی دی۔
خیال رہے کہ قلقیلیہ کے مشرقی قصبے کفر قدوم میں ہر ہفتے فلسطینی شہری احتجاجی مظاہرے منعقد کرکے یہودی کالونیوں کی وجہ سے 13 سال سے بند ایک مرکزی شاہراہ کے کھولے جانے کے حق میں مظاہرے کرتے ہیں۔