فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل ابو مریم نے کراچی پریس کلب کے نو منتخب صدر سراج احمد اور سیکرٹری مقصود یوسفی سمیت تمام اراکین گورننگ باڈی کو مبارک باد پیش کی ،اس موقع پر وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کراچی پریس کلب کے صدر سراج احمد اور سیکرٹری مقصود یوسفی کاکہنا تھا کہ صحافی برادری نے ہمیشہ مظلوم فلسطینیوں کی حمایت کی ہے اور فلسطین کی غاصب صیہونی شکنجہ سے آزادی تک صحافی برادری اپنا کردار ادا کرتی رہے گی اور فلسطین کاز کی حمایت جاری رکھے گی، ان کاکہنا تھا کہ پاکستان میں مسئلہ فلسطین کو زندہ اور اجاگر کرنے میں فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی جد وجہد اور انتھک محنت مثالی ہے جس پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔وفد کی قیادت کرتے ہوئے رکن سندھ اسمبلی ڈاکٹر محفوظ یار خان ایڈوکیٹ نے کہاکہ مسئلہ فلسطین صرف مسلم امہ ہی نہیں بلکہ پوری عالم انسانیت کا اہم ترین اور بنیادی مسئلہ ہے جس کا حل ناگزیر ہے، مولانا باقر زیدی نے کہا کہ دنیا بھر میں پیدا کئے جانے والے تمام مسائل اور بحرانوں کی جڑ عالمی سامراج امریکہ، برطانیہ اور ان کی ناجائز اولاد اسرائیل ہیں، علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی کاکہنا تھا کہ انبیاء ؑ کی سرزمین فلسطین پر اسرائیل کا ناپاک وجود جلد صفحہ ہستی سے مٹنے والا ہے اور پوری دنیا فلسطین کی آزادی کا جلد مظاہرہ دیکھے گی، مطلوب اعوان قادری نے کہا کہ پاکستان کے عوام فلسطینیوں کے ساتھ ہیں اور کسی بھی موقع پر انہیں تنہا نہیں چھوڑیں گے، اسرار عباسی نے کہاکہ آج اگر مسلمان دنیا متحد ہو جائے اور اپنے ایجنڈے میں فلسطین کو سرفہرست رکھے تو یقیناًفلسطین صیہونی تسلط سے بازیاب ہو سکتا ہے۔اس موقع پر فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل ابو مریم نے کراچی پریس کلب کے تمام نو منتخب عہدیداروں کا شکریہ ادا کیا اور فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی کارکردگی کا جائزہ پیش کرتے ہوئے پاکستان میں فلسطین فاؤنڈیشن کے قیام کے اغراض و مقاصد سے بھی آگاہ کیا۔