غزہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس شہر میں کل اتوار کے روزایک فلسطینی مزاحمت کار کے حملے میں چار یہودی فوجیوں کی ہلاکت اور 15 کے زخمی کیے جانے کے کامیاب اقدام پر فلسطین کے مختلف شہروں میں جشن منایا جا رہا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بیت المقدس میں کامیاب اور جرات مندانہ مزاحمتی حملے کے بعد غزہ کی پٹی کے شمالی، وسطی اور جنوبی علاقوں میں شہری فلسطینی قومی پرچم اٹھائے گھروں سے نکل آئے اور انہوں نے فدائی حملے کے حق میں نعرے بازی کی۔شمالی غزہ میں مسجد خلفاء الراشدین، میدان شہداء، مغربی غزہ میں ساحلی پناہ گزین کیمپ اور خان یونس میں پولیس مسجد کے قریب اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے کارکنان نے بیت المقدس میں ہونے والی فدائی کارروائی کا جشن منایا۔
شمالی غزہ میں نکالی گئی ایک احتجاجی ریلی سے حماس کے سیاسی شعبے کے رکن فتحی حماد نے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ بیت المقدس میں صہیونی فوجیوں پر حملہ نئے سال پر فلسطینی قوم کے لیے خوش خبری ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتفاضہ القدس اپنے منطقی انجام تک جاری رہے گی۔ بیت المقدس میں فدائی کارروائی انتفاضہ القدس کے زندہ ہونے کا ثبوت ہے۔
خیال رہے کہ کل اتوار کو بیت المقدس میں ایک فلسطینی نوجوان نے تیز رفتار ٹرک کی ٹکر سے تین اسرائیلی فوجی خواتین سمیت چار صہیونی ہلاک اور پندرہ زخمی کردیے تھے۔ حملے میں 8 اسرائیلی شدید زخمی ہوئے ہیں۔
حماس ، اسلامی جہاد اور فلسطین کی دوسری تنظیموں نے صہیونی ریاست کے خلاف بیت المقدس میں ہونے والی فدائی کارروائی کی تحسین کی ہے۔
حماس اور اسلامی جہاد نے بیت المقدس میں فدائی حملے کو صہیونی ریاست کے مجرمانہ جرائم کا فطری رد عمل قرار دیا ہے۔