خلیج فارس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) صیہونی حکومت کا عالمی سطح پر بائیکاٹ کی مہم چلانے والی فلسطینی تحریک ( BDS) نے خلیج فارس کے بعض عرب ملکوں کی جانب سے صیہونی حکومت سے قریب ہونے اور فلسطین کے مسئلے کو نظر انداز کئے جانے پر کڑی نکتہ چینی کی ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق صیہونی حکومت کا عالمی سطح پر بائیکاٹ کی مہم چلانے والی فلسطینی تحریک نے اعلان کیا ہے کہ ایسے میں کہ جب بعض یورپی ملکوں نے صیہونی حکومت کے ساتھ اپنے کچھ معاہدے منسوخ کردیئے ہیں ، خلیج فارس کے بعض عرب ممالک صیہونی حکومت کے ساتھ تعلقات برقرار کرنے کی کوشش میں ہیں۔ اس فسطینی تحریک نے کہا کہ اس سلسلے میں متحدہ عرب امارات کی کوششوں کی جانب اشارہ کیا جا سکتا ہے کہ جس ملک کی ایک کمپنی نے صہیونی حکومت کی بری فوج کے لئے ایک بحری جہاز بنانے کا معاہدہ کیا ہے۔ صیہونی حکومت کا عالمی سطح پر بائیکاٹ کی مہم چلانے والی فلسطینی تحریک نے اس اقدام پر اعتراض کرتے ہوئے خلیج فارس کے ملکوں کے حکام سے کہا کہ وہ اس قسم کے معاہدوں پر دستخط اوران پرعملدرآمد سے پرہیز کریں اور صیہونی حکومت کا بائیکاٹ کرتے ہوئے اس غاصب حکومت کے حکام کے ساتھ سرکاری اورغیرسرکاری ملاقاتوں یا مقبوضہ علاقوں میں اپنے وفود بھیجنے سے پرہیز کریں۔