نابلس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) صہیونی فوجیوں نے فلسطینیوں کے خلاف مخاصمانہ اقدامات کو جاری رکھتے ہوئے دریائے اردن کے مغربی کنارے کے شہر نابلس پر حملہ کیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق صیہونی حکومت کے فوجیوں نے نابلس پر حملے کے دوران فلسطینیوں پر تشدد اور انھیں زدوکوب کیا جس کے نتیجے میں کئی فلسطینی زخمی ہو گئے۔ صیہونی اپنےتوسیع پسندانہ مقاصد کو حاصل کرنے کے لیے فلسطینیوں پر حملے کرتے رہتے ہیں۔دوسری جانب صیہونی حکومت کے فوجیوں نے رام اللہ کے قریب سغبا دیہات کو اپنے مکمل محاصرے میں لے لیا ہے اور وہ اس گاؤں میں داخل ہونے کے راستوں پر چیک پوسٹیں قائم کر کے فلسطینیوں کی آمدورفت کو روک رہے ہیں۔ اس سے قبل بھی صیہونی فوجیوں نے شقبا، قبیہ اور رام اللہ کے مغرب میں کئی دیہاتوں کا محاصرہ کرلیا تھا۔
فلسطینیوں کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق کہ جو حال ہی میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پیش کی گئی ہے، صیہونی حکومت نے دو ہزار سولہ میں فلسطینیوں پر حملے، صیہونی کالونیوں کی تعمیر میں اضافے، بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی اور غزہ پٹی کا محاصرہ جاری رکھ کے، کم از کم دو سو ستر فلسطینیوں کو شہید کرنے کے علاوہ ان کی مزید سینکڑوں ہیکٹر زمینوں کو ضبط کر کے فلسطینیوں پر عرصہ حیات مزید تنگ کر دیا ہے۔