فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اتوارکے روز اسرائیلی فوج اور پولیس کی فول پروف سیکیورٹی میں 61 یہودی مختلف ٹولیوں کی شکل میں’باب السلسلہ‘اور باب المغاربہ سے مسجد اقصیٰ میں داخل ہوئے۔ اس موقع پر یہودی آباد کاروں کے ہمراہ یہودی ربی بھی موجود تھے جوانتہا پسند یہودیوں کو قبلہ اوّل پر اپنا مذہبی حق جتلانے کے لیے انہیں تلمودی تعلیمات سے آگاہ کرنے کی آڑ میں عالم اسلام کے تیسرے مقدس ترین مقام پر یہودیوں کے قبضے کی مہم چلا رہے تھے۔
رپورٹ کے مطابق یہودی آبادکاروں کی آمد سے قبل ہی اسرائیلی پولیس نے مسجد اقصیٰ کے تمام دروازوں بالخصوص مراکشی دروازے کو محاصرے میں رکھا تھا اور فلسطینی نمازیوں کو اس دروازے کی طرف جانے سے سختی سے منع کردیا گیا تھا۔ یہودی آبادکاروں اور فلسطینی نمازیوں کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئی ہیں۔