جنین – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس میں اسرائیلی فوج نے گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں کے دوران اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ رہنما سمیت کم سے کم چھ فلسطینیوں کو گرفتار کرلیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق عبرانی نیوز ویب پورٹل ’’0404‘‘ کے مطابق گرفتار کئے فلسطینیوں میں مشتبہ فلسطینی مزاحمت کار بھی شامل ہیں اور ان پر یہودی آباد کاروں پر سنگ باری اور فوجیوں پر مزاحمتی حملوں کا الزام عائد کیا گیا ہے۔حماس رہنما کی گرفتاری
فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر جنین کے نواحی علاقے طوباس میں اسرائیلی فوج نے تلاشی کی ایک کارروائی کے دوران حماس رہنما الشیخ نادر صوافطہ کو حراست میں لے لیا۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے نادر صوافطہ کو طوباس شہر میں ان کے گھر پر چھاپے کے دوران حراست میں لیا گیا۔ صہیونی فورسز نے الشیخ صوافطہ کے گھر میں گھس توڑپھوڑ کی اور خواتین اور بچوں کو زدو کوب کیا۔
صہیونی فوج کی بڑی تعداد کئی گھنٹے تک حماس رہنما کے گھر میں تلاشی کی آڑ میں توڑپھوڑ کرتی رہی۔ اسرائیلی فوجیوں نے گھر کے اطراف میں بھی تلاشی کی۔ خیال رہے کہ 45 سالہ نادر صوافطہ طوباس میں فلسطینی محکمہ لیبر کے ڈائریکٹر ہیں اور وہ ملتوی ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں حماس کے نمائندہ بھی تھے۔ نادر صوافطہ صہیونی فوج کی جانب سے ماضی میں بھی متعدد مرتبہ حراست میں لیے جا چکے ہیں اور وہ اب تک 13 سال تک صہیونی ریاست کی جیلوں میں قید رہے ہیں۔
ادھر فلسطین کے دوسرے شہروں نابلس، الخلیل، بیت المقدس، قلقیلیہ اور دیگر مقامات پر چھاپوں کے دوران پانچ فلسطینی شہریوں کو حراست میں لے لیا۔
