غزہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے سینئر رکن نے کہا ہے کہ فلسطین کو ایران کی حمایت کی ضرورت ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق حماس کے سینئر رکن اسماعیل رضوان نے المیادین چینل کے ساتھ انٹرویو میں اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ فلسطینی گروہوں کے تعلقات قائم ہیں، کہا کہ ملت فلسطین کو اپنی امنگوں اور اہداف کے حصول کے لئے ان تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت ہے۔اسماعیل رضوان نے کہا کہ حماس کا دفتری اور اداراتی لحاظ سے اخوان المسلمین سے کوئی ربط نہیں ہے اور حماس کے رہنماؤں کے درمیان کوئی داخلی جنگ یا اقتدار کی جنگ نہیں پائی جاتی۔
انہوں نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ حماس کے انتخابات کسی بھی بیرونی یا علاقائی مداخلت سے متاثر نہیں ہیں کہا کہ ابھی کسی بھی نامزد امیدوار نے حماس کی صدارت کے لئے اپنے نام کا اعلان نہیں کیا ہے۔
اسماعیل رضوان نے کہا کہ تحریک حماس تمام فریقوں کو مذہبی انتہاپسندی کے بجائے، اعتدال اور میانہ روی کی دعوت دیتی ہے۔ انہوں نے فلسطینی گروہوں کے درمیان صلح و آشتی کے بارے میں کہا کہ تحریک حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ خالد مشعل بھی تمام فلسطینی گروہوں کے درمیان آشتی کے خواہاں ہیں۔
انہوں نے فلسطینی گروہوں کو مخاطب کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ حماس انتفاضہ قدس کے لئے ایک قیادت کی تشکیل کے لئے آمادہ ہے۔
