(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسلامی مزاحتمی تحریک حماس نے بیرونی مداخلت کو فلسطینیوں کے درمیان قومی آشتی کے عمل میں اہم رکاوٹ قرار دیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ خالد مشعل نے منگل کے روز اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ بعض ممالک فلسطین کے اندرونی معاملات میں مداخلت کر رہے ہیں جس کی وجہ سے قومی آشتی کا منصوبہ کامیاب نہیں ہو پا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر فلسطینیوں کے امور میں مداخلت بند ہوجائے تو ہم قومی عزم و ارادے کے ذریعے درپیش مشکلات اور بحرانوں پر قابو پانے میں کامیاب ہوجائیں گے۔
حماس کے سربراہ کا کہنا تھا کہ فلسطینی عوام نے بارہا ثابت کیا ہے کہ وہ اندرونی اختلافات کو دور کرنے اور باہمی روابط کو بہتر بنانے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی قوم باہمی اتحاد و یکجہتی کے ذریعے غاصب صیہونی حکومت کا بھی مقابلہ کرسکتی ہے۔
حماس کے سربراہ نے یہ بات زور دیکر کہی کہ فلسطینی عوام کو صیہونی دشمن کے خلاف جنگ کے لیے متفقہ قومی پروگرام تدوین کرنے کی ضرورت ہے۔
