(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) مسئلہ فلسطین کے حق اور مظلوم فلسطینی قوم کی حمایت میں آواز بلند کرنے پر اسلامی تعاون تنظیم "او آئی سی” کے القدس میں موجود مندوب کو فلسطینی شخصیات کی طرف سے شاندار خراج تحسین پیش کیا گیا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بیت المقدس سے فلسطینی پارلیمنٹ کے منتخب ارکان احمد عطون، محمد طوطح اور سابق وزیر خالد ابو عرفہ نے رام اللہ میں مقیم او آئی سی کے مندوب ایڈووکیٹ احمد الرویضی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔اس موقع پر فلسطینی ارکان پارلیمان نے احمد الرویضی کی طرف سے مسئلہ فلسطین کی حمایت اور فلسطینیوں کے حقوق کے لیے آواز بلند کرنے اور فلسطینیوں کی ہرشعبے میں خدمت پر انہیں مبارک باد پیش کی گئی۔
او آئی سی کے مندوب اور فلسطینی سیاسی رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں فلسطین کی تازہ صورت حال، القدس میں یہودی توسیع پسندی، اسرائیلی ریاستی دہشت گردی اور دیگر امو رپرتبادلہ خیال کیا گیا۔
خیال رہے کہ تینوں فلسطینی ارکان کو صہیونی ریاست کی طرف سے بیت المقدس سے بے دخل کیا جا چکا ہے۔
