(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین میں سنہ 2016ء اور 2017ء کے تعلیمی سال کا آغاز آج 28 اگست بروز اتوار سے ہوگیا ہے۔ فلسطین کے علاقوں مقبوضہ مغربی کنارے اور غزہ کی پٹی کے 12 لاکھ طلباء طالبات نئے سال کےدوران تعلیمی سفر پرروانہ ہوں گے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق فلسطینی وزیر تعلیم صبری صیدم نے بتایا کہ نئے تعلیمی سال کا آغاز آج اتوار سے ہوگیا ہے۔ نئے سال کے دوران مجموعی طورپر 11 لاکھ 92 ہزار 808 طلباء و طالبات کی رجسٹریشن کی گئی ہے۔ ان میں 6 لاکھ 93 ہزار 165 طلباء جب کہ 4 لاکھ 99 ہزار 643 طالبات ہیں۔صبری صیدم نے بتایا کہ غزہ اور غرب اردن میں کل 2914 اسکول قائم کیے گئے ہیں، جن میں 39 ہزار 689 شعبے قائم ہیں۔ 7 لاکھ 81 ہزار 169 طلباء وطالبات سرکاری اسکولوں میں، 2 لاکھ 96 ہزار 835 طلباء اقوام متحدہ کی فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے قائم کردہ ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی’’اونروا‘‘ کے اسکولوں میں زیرتعلیم ہیں جب کہ 1 لاکھ 14 ہزار 804 طلباء طالبات نجی اسکولوں میں داخل ہیں۔ فلسطین میں کل سرکاری اسکولوں کی تعداد 2135، اونروا کے اسکولوں کی 353 اور پرائیویٹ اسکولوں کی 426 ہے۔ تمام اسکولوں میں اساتذہ اور دیگر عملے کے 66 ہزار 136 افراد وابستہ ہیں۔
