(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیل اور یونان نے مقبوضہ فلسطینی شہرحیفا کے ساحلی علاقے میں بڑے پیمانے پر فوجی مشقیں شروع کی ہیں۔ ان مشقوں کا مقصد دونوں ملکوں کے درمیان دو طرفہ دفاعی تعاون میں باہمی تعاون کو فروغ دینا اور ایک دوسرے کے جنگی تجربات سے استفادہ
کرنا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیل کے عبرانی اخبار ’’معاریو‘‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ صہیونی فوج اور یونان کے فوجی دستوں کی حیفا کے ساحل پر مشترکہ جنگی مشقیں جاری ہیں۔ یہ جنگی مشقیں دونوں ملکوں کے باہمی دفاعی تعلق کی غماز ہیں۔ ان جنگی مشقوں میں بحری جنگی جہاز اور دونوں ملکوں کے سیکڑوں فوجی اہلکار حصہ لے رہے ہیں۔
خیال رہے کہ حال ہی میں یونان میں ہونے والے انتخابات میں کامیابی پر ملک کی دائیں بازو کی مذہبی جماعت سیریزا کی کامیابی پر اس کے سربراہ الیکسس تیبراس کواسرائیل کی طرف سے خصوصی مبارک باد پیش کی گئی تھی، تاہم اسرائیل کو خدشہ ہے کہ سیریزا کی کامیابی سے اسرائیل اور یونان کے درمیان تعلقات متاثر ہوسکتے ہیں کیونکہ اس جماعت کے موجودہ سربراہ ماضی میں اسرائیل پر فلسطینی بچوں کے قتل عام کا الزام عائد کرچکے ہیں
