(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیل کی ایک فوجی عدالت نے گذشتہ برس اکتوبر میں نابلس شہر میں ’’ایتمار‘‘ یہودی کالونی میں رہنے والے دو یہودی آباد کاروں کے قتل میں معاونت کے الزام میں دو فلسطینی سگے بھائیوں کو قید کی سزا کا حکم دیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی عدالت ’’سالم‘‘ نے بدھ کے روز اپنے فیصلے میں غرب اردن کے شمالی شہر نابلس سے تعلق رکھنے والے فلسطینی محمد قطب کو ساڑھے چھ سال جب کہ دوسرے بھائی ایاد ابو زھرہ کو سات سال قید کی سزا کا حکم دیا ہے۔صہیونی ملٹری پراسیکیوٹر کی جانب سے فلسطینی اسیران کے خلاف پیش کردہ فرد جرم میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ انہوں نے یکم اکتوبر 2015ء کو ایتمار کالونی میں ایک یہودی جوڑے کے قتل میں مرکزی ملزمان کو لاجسٹک سپورٹ مہیا کی تھی۔
خیال رہے کہ اسی کیس میں اسرائیلی عدالت اس سے قبل پانچ فلسطینیوں راغب علیوی، یحییٰ حمد، امجد علیوی، سمیر الکوسا اور کرم المصری کو دو دو بار عمر قید اور 30 ، 30 سال اضافی قید کی سزا سنا چکی ہے۔
دو دیگر اسیران بسام السائض اور زید عامر کی سزا کا فیصلہ آنا ابھی باقی ہے۔