(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی حکام کی جانب سے فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں انسانی حقوق کے میدان میں کام کرنے والی ایک تنظیم کے ملازمین اور وابستگان کو قتل کی دھمکیاں دی گئی ہیں۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق انسانی حقوق کی تنظیم ’’المیزان‘‘ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ تنظیم کو ای میل اور سماجی رابطے کی ویب سائیٹ’’فیس بک‘‘ کے صفحے پر صہیونی حکام کی طرف سے قتل کی دھمکیاں موصول ہوئی ہیں۔تنظیم کے ڈائریکٹر سمیر زقوت نے بتایا کہ غزہ کی پٹی میں تنظیم سے وابستہ افراد کو سنگین نتائج اور قتل کی دھمکیاں پہلی بار موصول نہیں ہوئیں بلکہ گذشتہ ایک سال سے تنظیم کو اس نوعیت کی دھمکیوں کا سامنا ہے۔
زقوت نے بتایا کہ غزہ کی پٹی میں انسانی حقوق کی تنظیموں کو عرصہ دراز سے اسرائیلی فوج کی طرف سے سنگین نتائج کی دھمکیاں مل رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان دھمکیوں کا مقصد انسانی حقوق کے اداروں کو صہیونی ریاست کے جرائم بے نقاب کرنے سے روکنا ہے مگر ہم اسرائیلی حکام کی گیدڑ بھبکیوں میں نہیں آئیں گے۔
فلسطینی انسانی حقوق کے مندوب نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ غزہ اور فلسطین کے دوسرے شہروں میں سماجی اور انسانی حقوق کارکنوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔