(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) افریقا کے عرب ملک الجزائر سے تعلق رکھنے والی فلسطینیوں کے حقوق کی پرچارک نوجوان صحافیہ آمال مرابطی ایک المناک ٹریفک حادثے میں انتقال کرگئی ہیں۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق 33 سالہ آمال مرابطی گذشتہ جمعرات کو ایک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں شدید زخمی ہو گئی تھیں۔ انہیں رانٹز فانون اسپتال میں انتہائی نگہداشت وارڈ میں منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ گذشتہ روز زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئیں۔مرحومہ الجزائر کے عربی روزنامہ ‘‘ الشعب’’ کی نامہ نگار تھیں اور وہ فلسطینیوں کے حقوق کے لیے آواز بلند کرنے میں شہرت رکھتی تھیں۔
اپنی رپورٹنگ کے دوران انہوں نے فلسطینیوں پر ڈھائے جانے والے اسرائیلی مظالم، فلسطین میں یہودی آباد کاری، بیت المقدس، مسجد اقصیٰ اور اسرائیلی زندانوں میں قید فلسطینی اسیران کے حقوق میں پوری قوت اور بہادری سے آواز بلند کی اور فلسطینیوں کے حقوق کا مقدمہ لڑا۔ اخبارات کی دنیا سے وابستگی کے دس سالہ عرصے میں آمال مرابطی کی شہرت فلسطین سے محبت کرنے والوں کے طورپر تھی۔ اس کی ناگہانی موت پر فلسطینی قوم کو بھی دکھ پہنچا ہے۔
فلسطین پریس کلب کی جانب سے آمال مرابطی کی ناگہانی موت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس کے اہل خانہ سے مکمل ہمدردی اور غمگساری کا اظہار کیا گیا ہے۔ پریس کلب کا کہنا ہے کہ فلسطینی قوم آمال مرابطی کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔