فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق گذشتہ روز اسرائیلی پولیس نے فلسطینی سپریم اسلامی کونسل کے رکن اور الایمان اسکول کے ایگزیکٹو ڈائریکٹرو اسلامک کلچرل آرگنائزیشن کے رکن الشیخ جمیل الحمامی کو مسکوبہ حراستی مرکزمیں طلب کیا جہاں انہیں اسلامک کلچرل سینٹر کی بندش کا نوٹس حوالے کیا۔ بعد ازاں اسرائیلی پولیس نے تنظیم کے دفتر پر دھاوا بولا اور وہاں پر موجود سامان اور کمپیوٹرز کی توڑپھوڑ کے بعد دفتر کو تالے لگا دیے۔
فلسطینی سماجی کارکن جمیل الحمامی نے تنظیم کے دفتر کی بندش کو صہیونی ریاست کی بدمعاشی قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ تنظیم صرف القدس کے غریب شہریوں کے بچوں کی تعلیم وتربیت میں رہ نمائی کا فریضہ انجام دے رہی ہے۔ فلسطینی بچوں کو تعلیم سے محروم کرنے کے لیے اسلامک کلچرل سینٹر پر دہشت گردی کا الزام عاید کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تین سال قبل بھی ان کی تنظیم کو القدس میں بند کردیا گیا تھا مگر صہیونی انتظامیہ اپنے دعوے کا کوئی ثبوت پیش نہیں کرسکی۔
اس سے قبل صہیونی پولیس تنظیم کے رکن الشیخ جمیل الحمامی کو بیرون ملک سفر پر بھی پابندی عائد کرچکی ہے اور بیت حنینا کے مقام پر ان کے گھر پربھی کئی بار چھاپے مارے گئے ہیں۔