(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کی تحریک جہاد اسلامی کے سربراہ نے فلسطین کی حمایت پر اسلامی جمہوریہ ایران کی قدردانی کی ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق تحریک جہاد اسلامی کے سربراہ رمضان عبداللہ نے منگل کو بیروت میں ایران کی پارلیمنٹ کی خارجہ پالیسی اور قومی سلامتی کمیشن کے سربراہ علاء الدین بروجردی سے ملاقات میں اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ ایران کی جانب سے فلسطین کی حمایتیں فیصلہ کن رہی ہیں تہران کی جانب سے فلسطینی قوم اور استقامت کی حمایت کو سراہا۔اس ملاقات میں فریقین نے فلسطین اور علاقے کے حالات نیز باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا اور صیہونی دشمن کے ساتھ مقابلہ آرائی میں فلسطینی قوم اور استقامت کی مدد کی راہوں کا جائزہ لیا۔
علاء الدین بروجردی اور رمضان عبداللہ نے صیہونیوں کے قبضے سے پورے فلسطین کی آزادی کی ضرورت پربھی بھرپور تاکید کی۔ رمضان عبداللہ اور علاء الدین بروجردی نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ تقریبا چالیس برسوں سے علاقے کے حالات بالخصوص فلسطین کی حمایت کے سلسلے میں بعض ممالک کے دعووں کی حقیقت سامنے آگئی ہے اور ان کے چہرے بے نقاب ہوگئے ہیں، ملت فلسطین کے دشمن کے ساتھ تعلقات کو معمول پرلانے کے اقدامات کی مذمت کی۔
جہاد اسلامی کے سربراہ اور ایران کی پارلیمنٹ کی خارجہ پالیسی کمیشن کے سربراہ نے یاد دہانی کرائی کہ صیہونی دشمن کے ساتھ کسی بھی طرح کی ساز باز نہ صرف فلسطینی اہداف، اس کی استقامت اور تحریک انتفاضہ کے ساتھ غداری ہے بلکہ عرب اور مسلم امہ کے ساتھ بہت بڑی خیانت شمار ہوتی ہے۔