فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق خالد مشعل نے شہید محمد فقیہ کے اہل خانہ سے مکمل تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ الخلیل شہر میں شہید کی یاد میں منعقدہ ایک تعزیتی تقریب سے ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے خالد مشعل نے کہا کہ شہید فقیہ نے اپنی جان کی قربانی دے کر فلسطینی قوم کو اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنے کا پیغام دیا ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ فلسطین کے بچے، بوڑھے، مردو زن سب صہیونی ریاست کے مظالم کے خلاف متحد ہوجائیں۔
خیال رہے کہ بدھ کو اسرائیلی فوجیوں نے الخلیل شہر میں بیت صوریف کے مقام پر ایک مکان کا محاصرہ کرکے اس میں موجود ایک فلسطینی نوجوان کو شہید کردیا تھا۔ شہید محمد فقیہ کا تعلق حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ سے بتایا جاتا ہے۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ فقیہ جولائی کے اوائل میں الخلیل شہر میں ایک یہودی ربی کے قتل میں ملوث تھا اور صہیونی فوج اسے گرفتار کرنے کی کوشش کرتی رہی ہے مگر وہ قابو نہیں آسکا۔ بدھ کو اسرائیلی فوج نے ایک مکان کا محاصرہ کرکے کئی گھنٹے تک محمد فقیہ کو گرفتار کرنے کی کوشش کی مگر گرفتاری میں ناکامی کے بعد مکان کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا جس کے نتیجے میں محمد فقیہ جام شہادت نوش کرگیا تھا۔
شہید فقیہ کی یاد میں الخلیل شہرکے دورا قصبے میں ایک تعزیتی تقریب منعقد کی گئی جس سے حماس کے سیاسی شعبے کےسربراہ خالد مشعل نے بھی خطاب کیا۔ اپنی تقریر میں انہوں نے کہا کہ اسرائیلی دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے لیے فلسطینیوں کی صفوں میں اتحاد اور یکجہتی ناگزیر ہے۔ ہم مفاہمت کے لیے پوری کوششیں کررہے ہیں۔ کیونکہ انتشار اور بے اتفاقی صرف ہمارے دشمن کے مفاد میں ہے۔ ہم پورے فلسطینی معاشرے کو جمہوری بنیادوں پر باہم مربوط کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے بلدیاتی انتخابات کے ساتھ پارلیمانی اور صدارتی انتخابات کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
اس دوران خالد مشعل نے شہید محمد فقیہ کی والدہ ام حسین اور ان کے بھائیوں حسین اور عاید سے بھی ٹیلیفون پر بات کی اور فقیہ کی شہادت پران سے تعزیت کی۔ خالد مشعل شہداء کے اہل خانہ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ فقیہ کی شہادت پر پوری فلسطینی قوم کو فخر ہے۔ فقیہ پوری فلسطین قوم کے لیے ہیرو ہے اور حماس شہید کے نقش قدم پر چلتے ہوئے غاصب دشمن کے خلاف مسلح مزاحمت جاری رکھے گی۔