(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی قید خانوں میں پابند سلاسل 45 فلسطینیوں نے انتظامی حراست کی سزا اور انسانی حقوق کی تنظیم ریڈ کراس کی جانب سے اسیران کے امور میں کھلی غفلت برتے جانے کے خلاف بہ طور احتجاج بھوک ہڑتال جاری رکھی ہوئی ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق کلب برائے اسیران کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اسیر بلال کاید کی بھوک ہڑتال آج 43 ویں روز میں جاری ہے۔ ڈیڑھ ماہ کی بھوک ہڑتال کے باعث اس کی حالت تشویشناک ہونے پراسے جیل کے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ یکجہتی کے طور پر 36 فلسطینی اسیران نے بھوک ہڑتال شروع کی ہے۔خیال رہے کہ بلال کاید نے 14 سال آٹھ ماہ تک اسرائیلی جیل میں باضابطہ قید کاٹی۔ اس کی قید کی مدت پوری ہونے پر صہیونی حکام نے اسے رہا کرنے کے بجائے انتظامی حراست میں منتقل کر دیا تھا جس پر اس نے گذشتہ 43 دنوں سے مسلسل بھوک ہڑتال جاری رکھی ہوئی ہے۔
کلب برائے اسیران کا کہنا ہے کہ ’عوفر‘، ریمون اور النقب جیلوں میں فلسطینی اسیران نے بلال کاید کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے بھوک ہڑتال کا اعلان کیا تھا مگر اب یہ ہڑتال آئندہ ماہ کے اوائل سے شروع ہو گی۔
ادھر بیت لحم سے تعلق رکھنے والے چار فلسطینی قیدیوں نے بھی بھوک ہڑتال شروع کی ہے۔ ان میں سے بعض انتظامی حراست کے تحت قید ہیں جب کہ کچھ قیدیوں کو عمر قید جیسی طویل المیعاد قید کی سزاؤں کا سامنا ہے۔ انہوں نے انسانی حقوق کی تنظیم ریڈ کراس کی جانب سے اسیران کے معاملے میں لا پرواہی برتنے اور اپنے نمائندوں کو اسرائیلی جیلوں میں بھجوانے میں غفلت برتنے پر احتجاجاً بھوک ہڑتال شروع کی ہے۔