(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) انتہا پسند صیہونیوں نے ایک بار پھر مسلمانوں کے قبلہ اوّل مسجد الاقصی پر حملہ کیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق انتہا پسند صیہونیوں نے جمعرات کو مسجد الاقصی کی ایک بار پھر بے حرمتی کرتے ہوئے صیہونی فوجیوں کی پشت پناہی سے اس مقدس مقام پر حملہ کر دیا۔ انتہا پسند صیہونیوں نے مسجد الاقصی پر حملہ باب المغاربہ کی جانب سے کیا اور صحن میں داخل ہو کر اس مقدس مقام کی بے حرمتی کی۔مسجد الاقصی میں موجود فلسطینی نمازیوں نے صیہونیوں کی بے حرمتی پر شدید احتجاج کیا اور پھر ان کی ان سے جھڑپ بھی ہوئی۔ اس درمیان صیہونی فوجیوں نے جمعرات کو جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غزہ کے جنوبی علاقے رفح پر بھی حملہ کیا۔
دوسری جانب صیہونی حکومت کے وزیراعظم نیتن یاہو نے الخلیل کا محاصرہ مزید تنگ کرنے کی اپنی پالیسیوں کے تحت اس علاقے میں حائل صیہونی دیوار کی تعمیر جلد مکمل کرنے کا حکم دیا ۔