(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی فوج نے ایک چھاپہ مار کارروائی کے دوران مسجد اقصیٰ کے دو نمازیوں کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔ نمازیوں کی گرفتاری کے دوران یہودی آباد کاروں کی مسجد اقصیٰ میں اشتعال انگیز آمد و رفت کا سلسلہ بھی جاری تھا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق فلسطینی محکمہ اوقاف کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے مسجد اقصیٰ کے خارجہ دروازوں کا محاصرہ کر رکھا تھا۔ نماز ظہر کی ادائی کے بعد باہر نکلتے ہوئے دو فلسطینیوں عال ابو زنید اور عائد الرشق کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔رپورٹ کے مطابق مسجد اقصیٰ میں اسرائیلی فوج کے ہاتھوں دو فلسطینیوں کی گرفتاری کے وقت یہودی آباد کاروں کی آمد ورفت کا سلسلہ جاری تھا۔ گذشتہ روز اسرائیلی پولیس اور فوج کی فول پروف سیکیورٹی میں کم سے کم 19 یہودی آباد کاروں نے مسجد اقصیٰ پر دھاوا بولا۔ یہودیوں کی آمد سے قبل اسرائیلی فوج اور پولیس کی بھاری نفری نے مسجد کے مراکشی دروازے کو گھیرے میں لے رکھا تھا۔