(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی پولیس کا کہنا ہے کہ اس نے اتوار کے روز بیت المقدس میں ایک ریلوے اسٹیشن کے نزدیک ایک فلسطینی نوجوان کو گرفتار کر لیا جس کے بیگ میں دھماکا خیز آلات موجود تھے۔ پولیس کے مطابق ان آلات کو ناکارہ بنا دیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مشتبہ فلسطینی مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر الخلیل میں رہتا ہے اور وہ عمر کی تیسری دہائی میں ہے۔ مذکورہ نوجوان ریلوے اسٹیشن کے عقب میں بیگ لیے کھڑا تھا جس پر ایک پہرے دار کو شک محسوس ہوا۔ بعد ازاں بیگ کی تلاشی پر اس میں دھماکا خیز آلات نظر آئے۔پولیس نے مزید بتایا کہ اسٹیشن کے پہرے دار نے فوی طور پر پولیس کو طلب کرلیا جس نے آ کر اس جگہ کی ناکا بندی کردی اور تین دھماکا خیز آلات کو ناکارہ بنا دیا۔ پولیس کو نوجوان کے بیگ میں سے موبائل فون کے سیٹ اور چاقو بھی ملے۔